اسلام آباد: بٹگرام ریسکیو آپریشن کے دوران پاک آرمی اور فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوئے، پاک فضائیہ کے مخصوص امدادی اور بچاؤ آگسٹا ویسٹ لینڈ (AW139) ہیلی کاپٹر نے 4 گھنٹے تک متواتر انتھک آپریشن کیا اور طویل تگ و دو کے بعد ایک بچے کو بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ پاک آرمی کے یوروکاپٹر فینک نے ریکی کی، لمحہ بہ لمحہ ماحول پر نظر رکھی، امدادی ہیلی کاپٹر کو ہر قسم کا بھرپور تعاون فراہم کیا۔اس انتہائی پیچیدہ، نازک اور ہوا میں معلق آپریشن کے دوران پاک آرمی کے من جانبازم سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے ساتھ ساتھ پاک آرمی اور فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز نے کلیدی کردار ادا کیا۔ خصوصاً پاک فضائیہ کے آگسٹا ویسٹ لینڈ اور پاک آرمی کے یوروکاپٹر فینک ہیلی کاپٹرز پیش پیش رہے۔
پاک فوج کا فینک ہیلی کاپٹر اس سے قبل سیلاب، برف پوش پہاڑوں میں پھنسے کوہ پیماؤں کو بچانے سمیت اہم ترین امدادی آپریشن انجام دے چکا ہے۔ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کے آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر نے بچوں کو بچانے کے لیے متواتر انتھک آپریشن کیا، آگسٹا ویسٹ لینڈ (AW139) ہیلی کاپٹر جدید ترین نائٹ وژن آلات کے باعث رات کی تاریکی میں آپریشن کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، 20 ہزار فٹ بلندی اور 5 گھنٹے سے زائد متواتر آپریشن جاری رکھ سکتا ہے۔
جس نے ہوا کے شدید دباؤ، خراب موسم اور تمام تر جملہ مشکلات کے باوجود سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کمانڈوز کی مدد سے تین سے چار گھنٹے طویل کاوشوں کے بعد ایک بچے کو بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بعد ازاں رات کے اندھیرے، تیز ہوا، پہاڑی علاقے اور موسم کی صورتحال خراب ہونے پر ہیلی آپریشن منقطع کرنے کا فیصلہ ہوا تو پاک آرمی اور فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز جائے وقوعہ سے واپس روانہ ہو گئے۔ یاد رہے کہ یوروکاپٹر فینک پاک آرمی ایوی ایشن کا کلیدی اثاثہ ہے جبکہ اطالوی ساختہ آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹرز پاک آرمی اور فضائیہ دونوں کے فضائی بیڑے میں شامل ہیں۔
ہیلی کاپٹرز