بٹگرام چئیرلفٹ میں پھنسے 3 بچے نمایاں نمبر لے کر نویں جماعت میں کامیاب

بٹگرام : ایک طرف جہاں بٹگرام میں چئیر لفٹ میں پھنسے بچوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری تھا ، وہیں اس حوالے سے خوشخبری آئی ہے کہ لفٹ میں پھنسے تین بچے نویں جماعت میں نمایاں نمبر لے کر پاس ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بٹگرام چیئر لفٹ میں پھنسے عطا اللہ ولد کفایت اللہ شاہ 442 نمبر ، نیاز محمد ولد عمر زیب نے 412 نمبر اور اُسامہ ولد محمد شریف نے 391 نمبر لے کرکا میابی حاصل کی ہے۔ تینوں طلبہ گورنمنٹ ہائی اسکول بٹنگی پاشتو الائی بٹگرام کے نویں جماعت کے طالب علم ہیں۔

خیال رہے کہ بٹگرام میں تار ٹوٹنے سے چیئرلفٹ ایک رسی پر جھولتی رہی۔ بچوں سمیت آٹھ افراد کو بچانے کا چیلنج درپیش آیا تو پاک فوج کے کمانڈوز نے محاذ سنبھالا۔ ہیلی کاپٹروں کے فضا میں بلند ہوتے ہی حوصلے بلند ہوتے گئے۔

تیز ہوا اورکم روشنی نے بھی اُمیدوں کے دیئے بجھنے نہ دیئے۔ کئی گھنٹے بعد پاک فوج نے  ریسکیو آپریشن مکمل کرکے تمام افراد کو کامیابی سے ریسکیو کرلیا۔