ایشوریا کی آنکھوں پر بیان بھارتی وزیر کو مہنگا پڑ گیا

نیو دہلی : بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ترقی کے وزیر وجے کمار گاوت اس وقت تنازعات میں پھنس گئے جب انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ اداکارہ ”ایشوریا رائے بچن کی خوبصورت آنکھیں ان کی باقاعدگی سے مچھلی کھانے کا نتیجہ ہیں“۔

بھارتی وزیر نے یہ بیان ضلع دھولے میں ماہی گیر برادری کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران دیا تھا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ممتاز ایم ایل اے وجے کمار گاوت نے مچھلی کے استعمال کے فوائد کی وضاحت کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا تھا۔

انہوں نے منگلور کے ساحلی علاقے میں ایشوریہ رائے کی پرورش پر روشنی ڈالی اور ان کی حیرت انگیز آنکھوں کو مچھلی سے بھرپور غذا سے منسوب کیا۔

گاوت نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ظاہری شکل کو بہتر بنانے اور دل جیتنے کے لئے مچھلی کو اپنی غذا میں شامل کریں۔

وزیر کے بیان کے بعد ان پر تنقید شروع ہوگئی۔ بی جے پی ایم ایل اے نتیش رانے نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ اگر روزانہ مچھلی کھانے سے واقعی آنکھیں ایشوریہ رائے کی طرح خوبصورت ہوسکتی ہیں تو انہیں بھی اسی طرح کے اثرات دیکھنے چاہئیں۔

اس کے علاوہ اثنا نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رکن اسمبلی امول متکاری نے وجے کمار گاوت پر زور دیا کہ وہ آدیواسی برادریوں کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کو ترجیح دیں۔

وزیر وجے کمار گاوت کی جانب سے ایشوریا رائے بچن کی آنکھوں پر تبصرے کرنے کا معاملہ سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہے اور صارفین دلچسپ جملے بازی کررہے ہیں۔