کراچی (اُمت نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پرامن انتقال اقتدار ہماری اولین ترجیح ہے ۔
کراچی میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے معروف کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بے روزگاری، مہنگائی اورخوراک کی کمی کا سامنا ہے ، معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں میں تاجر برادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ بہت محدود ہے، نئے پارلیمان کے وجود تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے، نگران حکومت بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری اور شفاف انتخابات کیلئے اقدامات کررہی ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ مجھے ساڑھے تین لاکھ روپے تنخواہ دی جاتی ہے، عوامی مسائل کا حل خدمت اور عبادت ہے ، تاجر برادری ملک میں فنی تربیت کے فروغ میں کردار اداکرے، ہر ممکن کوشش کریں گے کہ تاجروں کے مسائل حل ہوں۔
ان کامزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس 6ٹریلین ڈالرز کےمعدنی ذخائر ہیں،25 کروڑ لوگ مایوس ہیں، صنعتوں کو مسلسل سستی توانائی کی فراہمی انتہائی ضروری ہے، ہم کاروباری طبقے کو سنیں گے،کاروباری طبقہ حکومت،ریاست کو سنے۔