آپریشن مکمل کرنے پر فوج اور ریسکیو اداروں کو خراج تحسین، اعظم خان

پشاور (اُمت نیوز) نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ چیئر لفٹ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آپریشن کامیابی سے مکمل کرنے پر پاک فوج اور ریسکیو اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
اپنے ایک بیان میں محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ چیئر لفٹ ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا، چیئر لفٹ میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، بحفاظت ریسکیو کئے جانے والے تمام افراد کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتا ہوں، پاک فوج اور ریسکیو اہلکاروں نے انتہائی پیشہ وارانہ انداز میں ریسکیو آپریشن مکمل کیا۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں مقامی کمیونٹی اور انتظامیہ کا کردار بھی لائق تحسین ہے، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی سربراہی میں انتظامیہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، حکومت کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آٹھ قیمتی انسانی جانیں بچ گئیں۔