نئی دہلی: بھارتی ریاست میزورام میں زیرِ تعمیر ریلوے پل گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 26 مزدور ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جس وقت زیر تعمیر ریلوے پل گر کر تباہ ہوا وہاں 35 سے 40 مزدور کام کر رہے تھے اور اب تک 26 لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ باقی مزدور دشوار گزار گھاٹی میں پھنسے ہوئے ہیں۔
ریسکیو ٹیم کو حادثے کی جگہ بھیجا گیا ہے۔ دشوار گزار گھاٹی ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
وزارت ریلوے نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔ ابتدائی طور پر حفاظتی انتظامات کا نہ ہونا اور تعمیراتی کمپنی کی غفلت سامنے آئی ہے۔