اسلام آباد ( اُمت نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط پر اہم اجلاس آج طلب کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ اجلاس کی صدارت کریں گے،اجلاس میں ممبران و سیکرٹری الیکشن کمیشن شریک ہوں گے، صدر مملکت کے دعوت نامے سمیت الیکشن کی تاریخ سے متعلق آئینی معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت نے عام انتخابات کی تاریخ طے کرنے کیلئے چیف الیکشن کمیشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھا تھا، جس میں ملاقات کی دعوت دی گئی تھی۔
صدر مملکت کی جانب سے لکھے گئے خط میں چیف الیکشن کمیشنر کو آج یا کل ملاقات کی دعوت گئی تاکہ اس میں عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جا سکے۔
عارف علوی نے خط میں لکھا تھا کہ 9 اگست کو سابق وزیر اعظم شہباز شریف کے مشورے پر قومی اسمبلی تحلیل کی، صدر آرٹیکل 48 فائیو کے تحت اسمبلی تحلیل کے بعد 90 دن میں الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کا پابند ہے۔