صدر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر سیاسی ہلچل پیدا کر دی،شیخ رشید

راولپنڈی (اُمت نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صدر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر سیاسی ہلچل پیدا کر دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایکٹ اور آئین میں مقابلہ اور لڑائی شروع ہوگئی ہے، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا اور ساتھ بیان دے دیا کہ 90 دن میں الیکشن نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے بعد سیاستدانوں یا سیاسی پارٹیوں سے ملاقات بے معنی ہے لیکن آئین ہی جیتے گا اور آئین ہی نافذ العمل ہوگا، اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے فیصلہ عدالتوں میں ہوگا، صدر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر سیاسی ہلچل پیدا کر دی ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں 20 دن انتہائی اہم ہیں، پہلے صدر نے ٹوئٹ لکھ کر بھونچال پیدا کیا اور اب الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر ہلچل پیدا کر دی ہے، الیکشن کمیشن صدر کی مشاورت کو اہمیت نہیں دے گا اور صدر کی بات نہیں مانی جائے گی، اگر صدر الیکشن کی تاریخ دے دیتے ہیں تو پھر ایک نیا پنڈورا باکس کھل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن 90 دن میں ہوتے ہیں 4 مہینوں میں یا نہیں ہوتے یہ ایک اہم مسئلہ ضرور ہے لیکن سب سے اہم مسئلہ پاکستان میں اس وقت بجلی کے فی یونٹ میں مزید 5 روپے 40 پیسے اضافہ ہے، حقیقت یہ ہے کہ لوگ آٹا، چینی اور پٹرول کے بعد بجلی کے بل دینے کے بھی قابل نہیں ہیں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ ڈالر نے ٹرپل سنچری مکمل کر لی ہے، معاشی، سیاسی، اقتصادی حالات سنگین سے سنگین تر ہوتے جا رہے ہیں، لوگوں کی سیاست پیچھے رہ گئی ہے، لوگوں کی اپنی زندگی اور بقاء کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے، اللہ تعالیٰ پاکستان کے حال پر رحم کرے۔