دوسرا ون ڈے: افغانستان نے پاکستان کو جیت کیلئے پہاڑ جیسا ہدف دے دیا

ہمبنٹوٹا: دوسرے ون ڈے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 301 رنز کا ہدف دے دیا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلا جا رہا ہے، جس کا ٹاس افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شہیدی نے جیت کر پہلے خود بلے بازی کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

افغان اوپنرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 227 رنز کی ریکارڈ پارٹنر شپ قائم کی۔ افغانستان کی پہلی وکٹ 40 ویں اوور میں 227 رنز پر گری جب ابراہیم زادران 80 رنز بناکر اسامہ میر کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔

رحمان اللہ گرباز نے 151 گیندوں پر 14 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اُنہیں شاہین آفریدی نے وکٹ کیپر محمد رضوان کی مدد سے قابو کیا۔

دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے باوجود تجربہ کار محمد نبی نے رنز بنانے کی اوسط برقرار رکھی اور اختتامی لمحات میں 29 رنز کی اہم اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ لی۔