کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیسوں میں پچاس فیصد سے زائد اضافے پر جامعہ اردو کے طلبا سراپا احتجاج بن گئے ۔ وائس چانسلر نےمعاملے پت تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ۔ طلبہ ایکشن کمیٹی جامعہ اُردو عبدالحق کیمپس نے فیسوں میں ہونے والے حالیہ پچاس سے ستر فیصد تک ناجائز اضافے کے خلاف جامعہ میں پر امن احتجاج کیا جس میں کثیر تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔شرکاء سے ناظمِ جامعہ اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ اُردو عبدالحق کیمپس برادر بلال شیخ اور صدر پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن برادر شمس نے خطاب کیا-
ناظم اسلامی جمیعت طلبہ جامعہ اردو عبدالحق کیمپس بلال شیخ کا کہنا تھا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی جس کے کم و بیش 60 ڈپارٹمنٹس میں کم و بیش چھ ہزار طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں اُن کی فیسس میں یک بارگی پچاس سے ستر فیصد اضافہ غیر قانونی ہے اس تعلیمی دہشت گرددی کے خلاف اِسلامی جمعیت طلبہ طلباء و طالبات کے ساتھ کھڑی رہیگی کیونکہ فیڈرل یونیورسٹی ایکٹ کے مطابق فیسس میں صرف ۱۰ فیصد اضافہ کیا جاسکتا ہے لہٰذا اس غیر قانونی اضافے کو فل فور واپس لیا جائے اگر انتظامیہ اس غیر قانونی اضافے کو فلفور واپس نہیں لیتی تو ہم کلاسز کا مکمل بائیکاٹ کرنے اور قانونی راستہ اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کے ساتھ پُرامن احتجاج کو جاری رکھنے پر مجبور ہونگے،جب کہ دوسری جانب وائس چانسلر جامعہ اُردو نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے اکیڈمک کونسل میں رپورٹ طلب کی ہے ۔