نگران وزیراعظم آج کوئٹہ، اگلے ماہ امریکا کا دورہ کرینگے

اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑآج کوئٹہ جبکہ اگلے ماہ امریکا کا دورہ کریں گے۔تین روزہ کوئٹہ کے دوران وہ امن وامان سمیت دیگراہم اجلاسوں کی صدارت اوربلوچستان کےقبائلی اورسیاسی زعماء سےبھی ملاقاتیں کرینگے۔حکومتی ذرائع کے مطابق انوار الحق کاکڑ دورہ امریکہ کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے، انوار الحق کاکڑ یو این جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرنے والے پہلے نگران وزیراعظم ہوں گے۔

ان کے دورہ نیویارک سے قبل سعودی عرب اور یو اے ای جانے کا بھی امکان ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ وزیراعظم کے دوروں کو حتمی شکل دے رہا ہے، وزیراعظم کا دورہ نیویارک ستمبر کے تیسرے ہفتے میں ہوگا۔ادھرانوارالحق کاکڑ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی تشکیل دیدی۔وفاقی وزیر پاور اور پٹرولیم کو توانائی کمیٹی کا چیئرمین مقرر کردیاگیا ۔

وزیر خزانہ، ریونیو، اقتصادی امور و نجکاری،وزیر منصوبہ بندی،وزیر مواصلات، وزیرریلویز،وزیر میری ٹائم افیئرز، وزیر قانون، وزیرموسمیاتی تبدیلی اوروزیر آبی وسائل توانائی کمیٹی کاحصہ ہوں گے۔گزشتہ حکومت میں شہباز شریف بطور وزیراعظم کابینہ کمیٹی توانائی کے چیئرمین تھے جبکہ نگراں وزیراعظم نے توانائی کمیٹی کی سربراہی اپنے پاس نہیں رکھی۔