اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نےکہاہےبٹگرام چیئر لفٹ آپریشن کی کامیابی ہم سب کا اجتماعی کریڈٹ ہے،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے،مادر وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں، ہرشعبہ زندگی میں ملک کے لئے خدمات انجام دینے والوں پر فخر ہے، پاکستان ہمارا گھرہے، اس کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، ہم کہیں نہیں جارہے، گھر کا نظام با اختیاراور باصلاحیت لوگوں کے پاس ہے، جو عناصر سمجھتے ہیں ہمارے طرز زندگی کو بدل دیں گے تو ان کو اپنی غلط فہمی دور کر لینی چاہئے، طاقت کے زور پر اپنی بات منوانے کے خواہشمند غلط فہمی دور کر لیں ایسا کچھ نہیں ہو گا، نگراں حکومت کی ذمہ داری انتخابات کےانعقاد میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے،نگران حکومت کے پاس محدود وقت ہے، انتخابات میں معاونت فراہم کرنا ہمارا مینڈیٹ ہے لیکن بطور شہری مجھے بھی اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے۔
بٹگرام میں کامیاب چیئرلفٹ آپریشن میں حصہ لینے والوں کےاعزازمیں تقریب کا انعقاد کیا گیا، نگران وزیراعظم نے چیئرلفٹ میں پھنسے لوگوں کو بچانے والے ایس ایس جی کمانڈوز اورآپریشن میں حصہ لینے والے مقامی افرادمیں تعریفی اسنادتقسیم کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کاکہناتھایہ لمحہ خوشی منانے کا ہے، ریسکیو آپریشن کی کامیابی کے لیے بہترین حکمت عملی تیار کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آپریشن کی کامیابی پر سب کو سلام پیش کرتا ہوں، بچوں نے دور سے فوجیوں کو دیکھ کر کہا اب ہم بچ جائیں گے، یہ ہم سب کا اجتماعی کریڈٹ ہے، بٹگرام چیئرلفٹ واقعہ پرپوری دنیا کی نظریں بھی تھیں، دنیا دیکھ رہی تھی پاکستان اس مشکل سے کیسے نمٹے گا، واقعہ پر کروڑوں لوگ پریشان تھے،یہ خوشی کا موقع ہے کیونکہ چیئرلفٹ حادثہ کے طالب علموں کو اﷲ تعالیٰ نے نئی زندگی دی ، یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد پوری قوم پریشانی اور خوف و خدشات کا شکار تھی کیونکہ ان طالب علموں کی زندگی کا معاملہ تھا،یہ نوجوان ہمارا مستقبل اور یہ پاکستان کا چہرہ ہیں، ہم نے مربوط انداز میں کوشش کرکے اپنے مستقبل کو بچایا، یہ بچے میرے بیٹے جیسےتھے، ان کو اس حالت میں دیکھ کر افسردگی بڑھ جاتی، مشکل موسم اور صورتحال کے باوجود بھرپور منصوبہ بندی اور مربوط طریقے سے آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا، طالب علموں کا امداد کیلئے آنے والے فوجی جوانوں کو دیکھ کر حوصلہ بلند ہوا،پوری قوم نے ان بچوں کی زندگیوں کیلئے دعائیں کیں، اﷲ تعالیٰ نے ہماری اجتماعی دعائیں قبول کیں، ہمارا ایمان ہے فیصلے آسمان پر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا تلخ واقعات ہماری زندگی میں آتے رہتے ہیں، وزیرستان میں پاک فوج کے جوان شہید ہوئے، پاک فوج، پولیس، سیاستدانوں، صحافیوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے مختلف شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہم اپنے شہداء کو نہیں بھولیں گے، یہ شہداء ہمارے خونی رشتہ داروں سے بڑھ کر ہیں، ہمارا ان کے ساتھ مضبوط سماجی معاہدہ ہے،80 ہزار شہداء کے پورے خاندان ہیں، ان کا درد الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، صرف وہ محسوس کر سکتا ہے جو اس سے خود گزرا ہو، ہم ملک کیلئے قربانیاں دینے والوں کو عزت و احترام دیتےاور ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، قرآن پاک میں شہداء کا عظیم رتبہ بیان کیا گیا ہے، ہم اپنے شہداء کے مقروض ہیں، پاکستانیت وسیع لفظ ہے،شہریوں کو صحت، تعلیم کی سہولیات، روزگار اور باعزت زندگی کا موقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔اس موقع پرچیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہاچیئرلفٹ آپریشن میں حصہ لینے والے ایس ایس جی کمانڈوز سمیت دیگر اداروں اور مقامی افراد کی کارکردگی قابل تعریف رہی، تمام اداروں نے مربوط انداز میں آپریشن کامیابی سے مکمل کیا، این ڈی ایم اے ناگہانی آفات اور حادثات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔