کراچی : وزیرداخلہ سندھ کا اسٹریٹ کرمنلز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

کراچی:  نگراں وزیرداخلہ و جیل بریگیڈیئر (ر) حارث نوازنے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ موجودہ وسائل کو بروئے کارلایا جائے اوراسٹریٹ کرمنلز کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے اورایک بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ شہرکی بڑی سڑکوں پرٹریفک کے ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے کام کیا جائے،انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیزکیا جائے اورتعلیمی اداروں سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں،نگراں وزیرداخلہ نے کہا کہ معاشرے سے منشیات کی لعنت کوختم کرنے کیلئے علاقوں میں کمیونٹی اورفلاحی تنظیموں کے کردارکو فعال بنانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی پولیس آفس کے دورے کے موقع پرامن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں سیکریٹری داخلہ سید اعجازعلی شاہ نے بھی شرکت کی جبکہ ایڈیشنل آئی جی پی کراچی جاوید عالم اوڈھو،زونل ڈی آئی جیز اورڈسٹرکٹ ایس ایس پیزبھی موجود تھے،نگراں وزیرداخلہ و جیل خانہ جات نے پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ اور سی پی ایل سی کا بھی دورہ کیا اس موقع پرمتعلقہ یونٹ اورسیل کی کارکردگی،کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔