اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس میں الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کے پیش نہ ہونے پر لطیف کھوسہ روسٹرم سے احتجاجاً چلے گئے،لطیف کھوسہ نے کہاکہ اس طرح کریں گے تو میں نہیں آؤں گا، یہ پیش نہیں ہو رہے تو آپ سزا معطل نہیں کر سکتے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی، الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز طبیعت ناسازی کے باعث پیش نہ ہوئے۔
اون وکیل نے کہاکہ آج امجد پرویز دستیاب نہیں،آج ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ یہ ضمانت کا معاملہ تھا،کون سا دلائل پر زیادہ وقت لگنا تھا،معاون وکیل نے کہاکہ انہیں 2دن کا بیڈ ریسٹ تجویز کیا گیاہے،الیکشن کمیشن کے وکیل کی ناسازی کے باعث التوا مانگ لیاگیا۔
وکیل لطیف کھوسہ نے کہاکہ 20دن سے ایک شخص اندر ہے،معاون وکیل کا بھی وکالت نامہ موجود ہے،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آج ہم اس کیس کیلیے بیٹھے ہیں،ہم بھی وہ کام کر سکتے ہیں جو ٹرائل کورٹ نے کیا ہے،ہم نے سسٹم چلانا ہے،لطیف کھوسہ نے کہاکہ اس طرح کریں گے تو میں نہیں آؤں گا، یہ 3دن کا وقت مانگ رہے ہیں،پھر ہم نہیں آئیں گے۔
لطیف کھوسہ روسٹرم سے احتجاجاً چلے گئے،عدالت نے کہاکہ پیر کو نہ آئیں، ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کریں گے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی ۔