راولپنڈی: 9 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ہارورڈ یونیورسٹی امریکا کے 38 طلبا کے ایک وفد نے پاکستان کے دورے کے موقع پر آج جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کے مسائل اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے حوالے سے پاک فوج کے کردار پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پرآرمی چیف نے پاکستان کی بھرپور صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور شرکا پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں قیام کے دوران اپنے تجربات کی بنیاد پر پاکستان کے تشخص سے دنیا کو آگاہ کریں۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کر رہا ہے،عالمی برادری کو پاکستان کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔
آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی مصائب،مظالم اور آبادیاتی حقائق کو تبدیل کرنے کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ طلبا نے تعمیری بات چیت کا موقع فراہم کرنے پرآرمی چیف کی تعریف کی۔