جڑانوالہ جیسے رویے برداشت نہیں کریں گے،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی سے پاکستان علما کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر اشرفی نے ملاقات کی اور انہیں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے مولانا طاہر اشرفی نے سانحہ جڑانوالہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا نگران وزیراعظم نے جڑانوالہ واقعہ کی شدید مذمت کی ہے، ایسے رویے برداشت نہیں کریں گے،متاثرہ گرجا گھروں اور متاثرہ شہریوں کے مکانات کی تعمیر و بحالی کا عمل جاری ہے.\

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت آئین اور قانون کے مطابق تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ پر یقین رکھتی ہے، کسی کو انتہا پسندی اور لاقانونیت کی آگ نہیں بھڑکانے دیں گے،اقلیتوں خاص طور پر مسیحیوں نے قیام پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔

طاہر اشرفی نے کہا سانحہ جڑانوالہ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی پر نگران وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے جنرل سیکرٹری سینئر صحافی نعمت خان کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا نعمت خان کے والد کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا، اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔