وزیراعظم کی کابینہ کمیٹیوں کی تشکیل نو غیر آئینی، رضاربانی

اسلام آباد : سابق چیئر مین سینٹ سینیٹر رضا ربانی نے نگران وزیراعظم کی جانب سے تین کابینہ کمیٹیوں کی تشکیل نو پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے آئین اور الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں سینیٹر ربانی نے کہا کہ نگران حکومت و کابینہ کا مینڈیٹ صرف روزمرہ کے امور تک محدود ہے اور اس سے زیادہ نہیں ہو سکتا اور اس میں پارلیمنٹ سے منظور شدہ قوانین کی جانچ شامل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی پانچ وفاقی وزرا اور اٹارنی جنرل پاکستان سمیت چار خصوصی شرکا پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہاکہ کمیٹی نے چار ٹی او آرز (ٹرمز آف ریفرنس)کی وضاحت کی ہے جن میں سے ایک اسے حال ہی میں منظور ہونے والی قانون سازی پر نظرثانی کی ہدایت کرتا ہے کہ آیا یہ آئین کے مطابق ہے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی کو عدلیہ کا کردار تفویج کردیا گیا اور ایک غیر منتخب حکومت پارلیمنٹ کی آئینی اہلیت پر فیصلہ سنائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نگران حکومت کے عزائم کے بارے میں بھی بہت سے سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے۔