سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی، پاکستانی شخص سے برداشت نہ ہوا

اسٹاک ہوم : سویڈن میں پاکستانی ایمبیسی کے سامنے ایک دفعہ پھر قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی ہے، جس کو ایک پاکستانی نے روکنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے اسے حراست میں لیا لیا۔

سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں واقع پاکستانی ایمبیسی کے سامنے ایک دفعہ پھر سلوان مومیکا نامی عراقی نژاد شخص نے قران پاک کو نذر آتش کیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی، مگر اس کے باوجود ایک پاکستانی شہری شہزاد ملک قرآن پاک کو نذرِ آتش ہونے سے بچانے کیلئے آگے بڑھے۔تاہم پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔

اس دوران شہزاد ملک پولیس سے درخواست کرتے رہے کہ وہ اس کام کو روکیں، لیکن انہیں گھسیٹتے ہوئے وہاں سے لے جایا گیا۔ چند گھنٹوں بعد پولیس کی جانب سے ملک شہزاد کو چھوڑ دیا گیا۔

شہزاد ملک کے ساتھ رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ پولیس ان کے خلاف مقدمہ درج کر سکتی ہے, کیونکہ انہوں نے پولیس کی جانب سے لگائی گئی باڑ کو کراس کر کے قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والوں کو روکنے کی کوشش کی تھی۔

پولیس نے جب انہیں حراست میں لیا تو ان کی مکمل تلاشی لے گئی، ایک گھنٹے تک انہیں حراست میں رکھا گیا، ان کے پرس، جوتے اور کپڑوں کی بھی تلاشی لی گئی.

پولیس نے شہزاد ملک سے پوچھا کہ ان کے پاس کون سی شہریت ہے، انہوں نے جب اپنی سویڈش شہریت بتائی تو انہیں کہا گیا کہ وہ اپنا سویڈش کارڈ بھی ہمارے سامنے شو کریں، پولیس نے سویڈش شہریت کارڈ کی تصویر بھی لی.

پولیس نے اس کے بعد شہزاد ملک کو چھوڑ دیا تاہم انہیں کہا کہ وہ ان سے دوبارہ رابطہ کریں گے۔ پولیس اگر شہزاد ملک کے خلاف مقدمہ درج کرتی ہے تو انہیں گرفتاری اور جرمانہ دونوں ہو سکتے ہیں۔