لاہور(اُمت نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ڈرون کے ذریعے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کی ایک اور کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق انسداد منشیات کارروائیوں کا سلسلہ ملک بھر میں جاری ہے، اس حوالے سے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی گئی ہے، جس میں ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے والے گروہ کا ایک کارندہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ہیروئن اور ڈرون برآمد ہوا ہے۔ خفیہ اطلاع پر ڈی ایچ اے لاہور کے قریب ایک کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، جس پر کار سوار ملزم نے گاڑی روکنے کے بجائے موقع سے بھگا دی۔ تعاقب کے دوران ملزم نے گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرا دی۔
کار سوار ملزم لاہور کے رہائشی فیاض حسین کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ تلاشی لینے پر گاڑی سے 10 کلوگرام ہیروئن اور ڈرون برآمد کر لیا گیا جب کہ ایک کلوگرام ہیروئن کا ایک پیکٹ ڈرون کے ساتھ منسلک تھا۔ گرفتار ملزم اے این ایف کو دیگر مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔ دوران تفتیش گرفتار ملزم نے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کا اعتراف کرلیا۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے مطابق ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے والے گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے ملزم سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔