فیصل آباد(اُمت نیوز)ڈجکوٹ میں نوجوان نے گولی مار کر خود کشی کرلی، متوفی کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹا حمزہ بجلی کے زائد بل سے پریشان تھا، 40 ہزار کا بل آیا جس کی وجہ سے بچے نے خودکشی کی۔
فیصل آباد کے علاقے ڈجکوٹ صابری ٹاؤن میں نوجوان نے بجلی کے بل سے تنگ آکر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
نوجوان کی شناخت حمزہ کے نام سے ہوئی ہے۔ جس کے والد نے بیان دیا ہے کہ گھر میں بجلی کا 40 ہزار روپے کا بل آیا جس پر حمزہ پریشان تھا، اور اس نے سر میں گولی مار لی۔
حمزہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس وقوعہ سے شواہد جمع کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جہانیاں میں بھی بل ادائیگی کے باوجود بجلی بحال نہ ہونے پر گھریلو حالات سے تنگ 4 بچوں کی ماں نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی ختم کرلی تھی۔
متوفیہ کے شوہر کا کہنا تھا کہ 10 ہزار روپے بجلی کا بل آیا تو گھر کی اشیاء فروخت کیں اور قرض لیکر بل ادا کیا۔ بل ادائیگی کے بعد گھر میں راشن کیلئے پیسے نہ تھے اور بچے 2 روز سے بھوکے تھے۔