بجلی مہنگا کرنا نگرانوں کا کام نہیں،عوام ہڑتال کی تیاری کریں،سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف ملک گیر شٹر ڈاؤ ن ہڑتال کی تیاری کریں۔ جماعت اسلامی کی ہڑتال پرامن ہوگی، کوئی جلاؤ گھیراؤ نہیں ہوگا۔ تاجر تنظیموں، علمائے کرام، وکلا ، نوجوانوں ، طلبہ اور دیگر طبقات کی جانب سے ہڑتال کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔ نگران حکومت کا کام نہیں کہ بجلی بلوں میں اضافہ کرے۔ نگران حکمران 90دن میں الیکشن کرا کے اقتدار عوام کے نمائندوں کے حوالے کردیں تو ان کا قوم پر احسان ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں تاجر رہنماﺅں سے مشاورت اور اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت بجلی ٹیرف میں مزید اضافہ کرنا چاہتی ہے۔ یہ ظلم سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کا تسلسل ہے جنھوں نے آئی ایم ایف سے معاہدے کر کے عوام کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں۔ ملک 24کروڑ عوام کا ہے، فیصلے آئی ایم ایف اور واشنگٹن میں ہوتے ہیں۔ غریب ، سفید پوش طبقات کے لیے سانس لینا دشوار بنا دیا گیا۔پٹرول، بجلی، گیس کے بل گھروں پر قیامت بن کر اترتے ہیں۔ اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں۔

ہر شہری بل ادا کرنا چاہتا ہے،لیکن بجلی کے بلوں میں 40فیصد سے زائد ٹیکسز شامل کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ ۔حکومت عوام پربوجھ ڈالنے کی بجائے 320 ارب سالانہ کی بجلی چوری ختم کرے، 580 ارب کے لائن لاسسز پر قابو پایا جائے، 200ارب کی مفت بجلی استعمال کرنے والی حکمران اشرافیہ بھی بل ادا کرے۔ آئی پی پیز سے معاہدوں پر فوری نظرثانی کی جائے۔ سابق حکومتوں نے ٹرانسمیشن سسٹم کی بہتری پر کوئی توجہ نہیں دی۔ پن بجلی کے منصوبے نہیں لگائے گئے ۔ ہڑتال سے ایک روز قبل مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف لیاقت باغ راولپنڈی میں نوجوانوں کا عظیم الشان احتجاج ہوگا۔