فائل فوٹو
فائل فوٹو

چیف جسٹس اسلا م آہاد ہائیکورٹ کیخلاف مہم پر سپیشل جےآئی ٹی تشکیل

اسلام آباد : وزارت داخلہ نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کے خلاف سوشل میڈیا مہم کی تحقیقات کیلئےاسپیشل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (ایس جے آئی ٹی ) تشکیل دے دی ۔ ایس جے آئی ٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم کی سربراہی میں کام کرے گی ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم کے حوالے سے تحقیقات کے لئے ایف آئی اے سائبر کرائم کے ڈائریکٹر کی سربراہی میں ایس جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔

ایس جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی ، آئی بی اور اسلام آباد پولیس کے نمائندے شامل ہوں گے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایف آئی اے اسپیشل جے آئی ٹی کو ہر طرح کی سپورٹ دے گی ۔ جے آئی ٹی ٹیم 15 دن کے اندر جامع رپورٹ وزارت داخلہ کو جمع کروائے گی ۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی سوشل میڈیا پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کے خلاف مہم چلانے والے اکائونٹس کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گی اور ان اکائونٹ ہولڈرز کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔