کراچی: جنگل کے بادشاہ شیر کو شارع فیصل پر دیکھ کر شہری خوفزدہ ہوگئے، شیر گورا قبرستان کے سامنے صدر تھانے اور صدر ٹریفک سیکشن کی فٹ پاتھ پر چلتا ہوا پارکنگ کے پاس پہنچا اور ڈیرا ڈال دیا، بیمار ہونے کی وجہ سے شیر کو آسانی سے قابو کرلیا گیا۔ قبل ازیں شیر کو قابو کرنے کیلئے محکمہ وائلڈ لائف سے رابطہ کیا گیا جبکہ شیر کو دیکھنے کیلئے شارع فیصل پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
وائلڈ لائف حکام پہنچے، کچھ دیر بعد شیر کے رکھوالوں کی مدد سے اسے پنجرے میں وائلڈ لائف کے دفتر منتقل کیا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ شیر نے ایک شخص پر حملے کی کوشش کی تاہم وہ محفوظ رہا۔پولیس کا کہنا ہےکہ گاڑی کے ذریعے شیر کو منتقل کیا جارہا تھا، ڈرائیور کی نشاندہی پر گارڈن سے اصل مالک کو گرفتار کرلیا، مالک نے بتایا کہ شیر بیمار تھا، ڈاکٹر کے پاس لے جایا جارہا تھا۔
وائلد لائف کے جاوید مہر کا کہنا ہےکہ تحقیقات کی جائےگی کہ پرمٹ ہے یا نہیں، رہائشی علاقوں میں شیر رکھنے کی ممانعت ہے۔ ادھر نگران وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ وائلڈ لائف سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔ ماہر جنگلی حیات کے مطابق ریسکیو کیا جانے والا شیر افریقن نسل کا ہے، جس کی عمر 3 سال ہوسکتی۔