راولپنڈی: تھانہ وارث خان کے علاقے میں دو روز قبل خاتون ٹیچر سےڈکیتی اور تشدد کے مقدمہ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، واردات میں ملوث ایک ڈاکوزخمی حالت میں پکڑاگیا جبکہ دوسراپولیس پرفائرنگ کرتے ہوئے فرارہوگیا،واقعہ میں ملوث دونوں ملزمان بھائی نکلے۔ گزشتہ روز رات گئے پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈاکؤوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی،فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو حمزہ کوزخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا،جس کے قبضہ سے پسٹل اور زیر استعمال موٹر سائیکل برآمد ہوا۔
گرفتار ڈاکو نے ابتدائی تفتیش میں ایک روز قبل وارث خان میں خاتون ٹیچر سے ڈکیتی اور تشدد کی واردات کا انکشاف کیا ہے، ملزم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ دوسرا ساتھی اس کا بھائی تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، فرار ملزم کی گرفتاری کے لئے ناکہ بندی و سرچنگ کی گئی،زخمی ڈاکو سے تفتیش کے دوران مزید اہم انکشافات بھی متوقع ہیں۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے خاتون ٹیچر سے واردات کے واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے پولیس افسران کو ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا۔ مطلوب ڈاکو کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی راول، ایس ڈی پی او/ایس ایچ او وارث خان اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ فرار ڈاکو بھی جلد گرفتار کر کے ملزمان کو قرارواقعی سزا دلوائی جائے گی۔