انجمن تاجران، عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آزاد کشمیر میں آج پہیہ جام

مظفر آباد (اُمت نیوز) مطالبات پر عملدرآمد نہ ہونے کیخلاف آزاد کشمیر بھر میں مرکزی انجمن تاجران و عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آج پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال ہو گی۔
ہڑتال کے باعث وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے، پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں مکمل چھٹی ہو گی اور کاروباری مراکز بند رہیں گے، سہ پہر تین بجے دارالحکومت مظفر آباد کے گیلانی چوک میں جلسہ منعقد کیا جائے گا۔
عوامی ایکشن کمیٹی نے حکومت کو 7 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا تھا جس میں بجلی کے بلوں میں ناجائز ٹیکس ختم کرنے، آٹے کی مصنوعی قلت دور کرنے، آزاد کشمیر کو بجلی لوڈ شیڈنگ فری زون قرار دینے کے مطالبات کیے گئے ہیں۔
وزرا ، مشیران اور افسران کی مراعات ختم، دارالحکومت سے ایبٹ آباد کو ملانے والی شاہراہ لوہار پر ٹنل تعمیر، مظفر آباد سے راولپنڈی کو ملانے والی کوہالہ شاہراہِ کو بہتر کرنے اور دارالحکومت کیلئے گریٹر واٹر سپلائی کا منصوبہ شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔