ملتان (اُمت نیوز) پہلے میچ میں کامیابی کے بعد پاکستان کی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے دوسرے اور ہائی وولٹیج ٹاکرے کیلئے سری لنکا پہنچ گئی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم رات تین بجے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے کولمبو کیلئے روانہ ہوئی، پاکستان کی ٹیم جمعہ کی شام کو پالے کیلے سٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی، ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دو ستمبر کو کینڈی میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے قومی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کا شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے میچ میں نیپال کی کرکٹ ٹیم کو 238 رنز سے شکست دی، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 50 اوورز میں 342 رنز بنائے جبکہ حریف ٹیم 104 سکور ہی بنا پائی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 151 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد نے بھی سینچری سکور کیے، محمد رضوان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔