ایمان مزاری کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی

اسلام آباد(اُمت نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے انسانی حقوق کی وکیل اور کارکن ایمان مزاری کے مقدمات کی تفصیلات فراہمی اور حفاظتی ضمانت کی درخواست پرسماعت پیر تک ملتوی کردی ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایمان مزاری کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی اور حفاظتی ضمانت کی درخواست پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی ، دوران سماعت عدالت نے وزاردت داخلہ حکام سے استفسار کیا کہ آپ نے ایمان مزاری کے خلاف صوبوں میں درج مقدمات کی تفصیلات منگوائیں ہیں ؟ جس پر وزارت داخلہ حکام نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایمان مزاری کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے ، وفاقی حکومت ایسے معاملات میں صوبوں کو حکم نہیں دے سکتی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ وزارت داخلہ حکام کیسی بات کر رہے ہیں ؟۔ اسٹنٹ اٹارنی جنرل کاکہنا تھا کہ ہم نے صرف معلومات حاصل کرنے کے لیے کہا ہے ، آرڈر دیر سے ملا ہے کچھ وقت دے دیا جائے ، ایمان مزاری کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر سے دوبارہ گرفتار کر لیا جائے ۔
عدالت نے اسٹنٹ اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ وزارت داخلہ کو کیا ہدایات ہیں؟ جیل میں ہے آپ تفتیش کریں چالان جمع کرائیں ٹرائل کرائیں ، عدالت سے کیا کہنا چاہیے تھا کیا نہیں کہنا چاہیے میں اس متعلق کچھ نہیں کہوں گا، سیکرٹری داخلہ کو بتائیں کہ ایمان مزاری کے کیس میں کورٹ آرڈر کیا ہے ؟ بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان مزاری کو 20 اگست کے بعد کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔