حالات مشکل ہیں لیکن پاکستان میں کوئی بحران نہیں، نگراں وزیراعظم

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے صحافیوں سے ملاقات کی اور کہا کہ اس ملاقات کا مقصد معاشی صورتحال پر حکومتی نکتہ نظر سے آگاہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت بجلی کے بلوں کے مسئلے پر آئی ایم ایف سے مل کر کام کر رہی ہے، بجلی کے بل دینے ہوں گے، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر عمل کرے گی، حالات مشکل ہیں لیکن پاکستان میں کوئی بحران نہیں، حکومت تین دن سے آئی ایم ایف سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی ضرور ہے مگر اتنی نہیں کہ پہیہ جام ہڑتال ہو۔ انہوں نے کہاکہ آئی پی پیز اور لائن لاسز کی وجہ سے بجلی مہنگی ہے۔

انہوں نے کہاکہ فوج میں کوئی فری بجلی استعمال نہیں کر رہا، دفاعی بجٹ سے دے رہے ہیں۔ چیئرمین نادرا کے عہدے کے حوالے سے قواعد میں ترمیم سے متعلق اطلاعات پر انہوں نے کہاکہ چیئرمین نادرا کے لیے پروفیشل آدمی کی ضرورت ہے، دہشت گردی اور حساس معاملات دیکھ کر رولز میں تبدیلی کی۔

نگراں وزیراعظم نےکہا کہ انتخابات وقت پر ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تجربہ کار افراد کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے، ملک کو معاشی اور سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ مرض کی تشخیص درست ہو توعلاج ممکن ہوتا ہے، بجلی بلوں کے معاملے پر احتجاج دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کاندھوں پر بہت بڑی ذمہ داری ہے، ایسا نہیں کہ ظالم حکمران غریب طبقے کا خون چوسنے آئے ہیں، ٹھنڈے دل ودماغ سے سوچنا ہے کہ صورتحال سے کیسے نکلیں۔