کراچی: نگراں وزیر داخلہ سندھ بریگیڈئیر (ر) حارث نواز نے کہا ہے کہ آئین پاکستان ملک میں تمام مذاہب اور مکاتب فکر کو مذہبی رسومات ادا کرنے کی مکمل آزادی دیتا ہے اور اس سلسلہ میں تمام مکاتب فکر کے حقوق کی یکساں طور پر ادائیگی کیلئے نگراں حکومت یقینی اقدامات کر رہی ہے۔انھوں نے یہ بات اہل تشیع مکتب فکر کے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز لاتعداد مسائل میں گھرا ہوا ہے، شرپسند عناصر موقع کی تاک میں رہتے ہیں، ہمیں چوکنا رہنا ہوگا، تاکہ موقع پرستوں کو کسی شرانگیزی کا موقع نہ مل سکے۔نگراں وزیر داخلہ اورجیل خانہ جات سندھ بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے قیدیوں کی بہبود کی کمیٹی (سی ڈبلیو پی)کو صوبائی جیلوں میں قیدیوں کی بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی برائے بہبود قیدی (سی ڈبلیو پی)کی سیکرٹری حیا ایمان زاہد نے ایک وفد کی سربراہی میں نگراں وزیر وزیر داخلہ اور جیل خانہ جات بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز سے ملاقات کے دوران کمیٹی کے دو سال کے عرصے میں ہونے والی کامیابیوں پر تبادلہ خیال کیا۔بریگیڈیئر (ر)حارث نواز نے کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے قیدیوں کی بہتری کے لیے کمیٹی اور محکمہ داخلہ کے درمیان مشترکہ کوششوں کے بارے میں امید ظاہر کی۔
انہوں کو قید افراد کی فلاح و بہبود کو بڑھانے کے لیے غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔کمیٹی نے وزیر داخلہ کے ساتھ سی ڈبلیو پی سے درپیش مالی مسائل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا اور اس سلسلے میں تعاون کی درخواست کی۔