لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری کے معاملے پر پولیس اور نیب اہلکاروں میں ہاتھا پائی ہو گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیب کیس میں پرویز الٰہی کی رہائی کے بعد وکلا کمرہ عدالت سے باہر نکلے تو پولیس اہلکاروں نے نیب افسران سے کہاکہ پرویز الٰہی کو دوبارہ گرفتار کرنا ہے اپنی گاڑی کو یہیں رہنے دیں،اس پر نیب کے افسر غصے میں آگیا اور کہا کہ گرفتار ہم کریں اور گالیاں بھی ہم کھائیں،آپ لوگ سائیڈ پر ہو جائیں،ایسا نہیں ہو سکتا ہم کسی صورت پرویز الٰہی کو دوبارہ گرفتار نہیں کریں گے ہمیں عدالت نے حکم دیا ہے۔
اس دوران پولیس اہلکار نیب افسران کی منت سماجت کرتے رہے اور کھینچا تانی بھی ہوئی ،نیب اہلکار عدالت کے احاطے میں موجود اپنی وین وہاں سے نکال کر لے گئے،نیب افسر نے کہا کہ ہم پرویز الٰہی کو گرفتار نہیں کریں گے جو بھی کرنا ہے آپ خود کریں،اپنی وین میں گرفتار کریں،ہم نیب کی وین آپ کے حوالے نہیں کریں گے۔