کراچی : مالک کی جدائی پر پریشان شیرنے 2 روز کھانا نہیں کھایا تو نڈھال ہو گیا، چڑیا گھر کی انتظامیہ کو شیر کی زندگی کی فکر لاحق ہو گئی مگر پھر صورتحال اچانک بدل گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق شاہراہ فیصل سے تحویل میں لیا گیا شیر چڑیا گھر منتقل کیا گیا تھا تاہم وہاں وہ نئے ماحول اور مالک کی جدائی پر شدید پریشان ہو گیا۔ مالک اس کو بہت محبت سے رکھتا تھا اور موڈ کے مطابق من پسند خوراک مہیا کرتا تھا،۔
ڑیا گھر ملازمین کے روایتی سلوک سے شیر پریشان ہوا اور مالک بھی نظر نہ آیا تو اس نے خوراک کھانا چھوڑ دی، چڑیا گھر انتظامیہ کی بہتیری کوششوں کے باوجود 6 وقت کھانا نہ کھانے پر شیر پر کمزوری غالب آنے لگی اور وہ نڈھال ہو کرکونے میں لگ گیا، حتی کہ چڑیا گھر انتظامیہ کو اس کی جان کی فکر لاحق ہونے لگی۔
شیر کا مالک پر وائلڈ لائف حکام نے مقدمہ درج کروا رکھا تھا، وہ بڑی کوششوں کے بعد جب ضمانت کروا کر چڑیا گھر پہنچا اور پنجرے کے پاس جا کر اوندھے منہ پڑے شیر کو آواز دی تو وہ کمزوری کے باوجود مالک کی جانب تیزی سے آیا اور یک دم ہشاش بشاش ہو گیا۔ مالک شیر کیلیے اس کا پسندیدہ کھانا لایا جو اس نے بڑی رغبت سے کھایا۔ شیر نے مالک کے ساتھ اتنا پیار جتایا کہ بعض دیکھنے والوں کی آنکھوں میں آنسو بھی آ گئے۔
یاد رہے کہ یہ شیر شہر قائد کی شاہراہ فیصل سے پکڑا گیا تھا جسے محکمہ وائلڈ لائف نے اپنی نگرانی میں لے لیا تھا ۔