پالے کیلے ( اُمت نیوز نیوز) ایشیا کپ ون ڈے کے تیسرے میچ میں شاہینوں کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے بے بس نظر آئی، پوری بھارتی ٹیم 49ویں اوور میں پویلین لوٹ گئی۔
پالے کیلے سٹیڈیم میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل نے بیٹنگ جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی نے باؤلنگ کا آغاز کیا۔
میچ کے آغاز میں ہی بھارتی بلے بازوں کے قدم لڑکھڑا گئے، کپتان روہت شرما ٹیم کے مجموعی 15 سکورز پر شاہین کی گیند کا شکار ہوئے، روہت نے 22 گیندوں پر 11 رنز بنائے، اس کے بعد کوہلی نے 4 رنز ہی بنائے تھے کہ وہ بھی شاہین کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔
اس کے علاوہ شریس آئیر 9 گیندوں پر 14 رنز جبکہ شبمن گل 32 گیندوں پر 10 رنز بنا کر پویلین لوٹے، دونوں کو حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔
ایشان کشن اور ہاردک پانڈیا کے درمیان 100 رنز کی شراکت داری
ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد بھارت کے ایشان کشن اور ہاردک پانڈیا نے وکٹیں بچا کر میچ کو سنبھالا، دونوں کے درمیان 5ویں وکٹ کیلئے 100 رنز سے زائد کی شراکت داری ہوئی، دونوں کھلاڑیوں نے شاندار نصف سنچریاں سکور کیں۔
بعدازاں ایشان کشن 82 گیندوں پر 81 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے، کشن کے بعد ہاردک پانڈیا بھی شاہین آفریدی کی گیند پر آغاز سلمان کو کیچ تھما بیٹھے، پانڈیا نے 90 گیندوں پر 87 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس کے بعد جلد ہی 2 مزید وکٹیں گر گئیں، جڈیجا 22 بالز پر 14 رنز بنا کر شاہین کی گیند کا شکار ہوئے جبکہ شاردل ٹھاکر نے 3 رنز بنا کر نسیم شاہ کی بال پر شاداب کو کیچ دے دیا۔
خیال رہے کہ کھیل شروع ہونے کے بعد وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی جس کے باعث میچ دو مرتبہ روکنا پڑا، تاہم اب پالے کیلے میں موسم خوشگوار ہے اور بادل جھٹ چکے ہیں۔
قبل ازیں ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے جبکہ روہت شرما کا کہنا تھا کہ اچھا سکور کر کے پاکستان پر دباؤ بڑھائیں گے۔
قومی سکواڈ
قومی ٹیم میں کپتان بابراعظم، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، محمد رضوان شامل ہیں، شاداب خان، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
بھارت کا سکواڈ
بھارتی ٹیم کپتان روہت شرما، شبمن گِل، ویرات کوہلی، ایشان کشن، شیرس آئیر ٹیم میں شامل ہیں، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، شاردل ٹھاکر، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ اور محمد سراج کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔