پالے کیلے (اُمت نیوز) ایشیا کپ ون ڈے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ بغیر نتیجہ ختم ہوگیا، قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں 267 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنا تھا، بارش کے باعث دوسری اننگز کا آغاز نہ ہوسکا۔
ایشیا کپ ون ڈے کے بڑے مقابلے میں مسلسل بارش کی وجہ سے پاکستان کی بیٹنگ اننگز شروع ہی نہ ہو سکی، بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 267 رنز کا ہدف دیا تھا، پہلی اننگز میں بھارت کی ٹیم 49ویں اوور میں 266 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پالے کیلے سٹیڈیم میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل نے بیٹنگ جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی نے باؤلنگ کا آغاز کیا۔
میچ کے آغاز میں ہی بھارتی بلے بازوں کے قدم لڑکھڑا گئے، کپتان روہت شرما ٹیم کے مجموعی 15 سکورز پر شاہین کی گیند کا شکار ہوئے، روہت نے 22 گیندوں پر 11 رنز بنائے، اس کے بعد کوہلی نے 4 رنز ہی بنائے تھے کہ وہ بھی شاہین کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔
اس کے علاوہ شریس آئیر 9 گیندوں پر 14 رنز جبکہ شبمن گل 32 گیندوں پر 10 رنز بنا کر پویلین لوٹے، دونوں کو حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔
ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد بھارت کے ایشان کشن اور ہاردک پانڈیا نے وکٹیں بچا کر میچ کو سنبھالا، دونوں کے درمیان 5ویں وکٹ کیلئے 100 رنز سے زائد کی شراکت داری ہوئی، دونوں کھلاڑیوں نے شاندار نصف سنچریاں سکور کیں۔
بعدازاں ایشان کشن 82 گیندوں پر 81 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے، کشن کے بعد ہاردک پانڈیا بھی شاہین آفریدی کی گیند پر آغا سلمان کو کیچ تھما بیٹھے، پانڈیا نے 90 گیندوں پر 87 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس کے بعد جلد ہی 2 مزید وکٹیں گر گئیں، جڈیجا 22 بالز پر 14 رنز بنا کر شاہین کی گیند کا شکار ہوئے جبکہ شاردل ٹھاکر نے 3 رنز بنا کر نسیم شاہ کی بال پر شاداب کو کیچ دے دیا، دیگر کھلاڑیوں میں کلدیپ یادیو 13 بالز پر 4 جبکہ جسپریت بمراہ 14 گیندوں پر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی باؤلرز نے مجموعی طور پر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 35 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین آفریدی نے 2 میڈن اوورز بھی پھینکے۔
حارث رؤف نے 9 اوورز میں 58 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ نے 8 اوورز میں 36 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ کھیل شروع ہونے کے بعد وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی جس کے باعث میچ دو مرتبہ روکنا پڑا، تاہم بعد میں پالے کیلے میں اچانک موسم خوشگوار ہوگیا اور بادل چھٹ گئے جس کے بعد کھیل کا ایک بار پھر آغاز کر دیا گیا۔
قبل ازیں ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے جبکہ روہت شرما کا کہنا تھا کہ اچھا سکور کر کے پاکستان پر دباؤ بڑھائیں گے۔
قومی ٹیم بھارت کے خلاف میچ ڈرا ہونے کے بعد سپر فور مرحلے میں پہنچ گئی ہے، شاہینوں نے ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں نیپال کی ٹیم کو شکست دی تھی، قومی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے اور سپر فور مرحلے میں داخل ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
قومی ٹیم میں کپتان بابراعظم، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، محمد رضوان شامل ہیں، شاداب خان، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
بھارتی ٹیم کپتان روہت شرما، شبمن گِل، ویرات کوہلی، ایشان کشن، شیرس آئیر ٹیم میں شامل ہیں، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، شاردل ٹھاکر، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ اور محمد سراج کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔