لاہور،لندن( امت نیوز/ خبر ایجنسیاں) رہنما مسلم لیگ ن عطا تارڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملعون سلمان رشدی کے وکیل کو اپنا وکیل مقرر کر دیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کی عالمی عدالتوں میں نمائندگی کے لیے بیرسٹر جیفری رابرٹسن کو ہائر کیا گیا ، یہ وہی وکیل ہے جو ملعون سلمان رشدی کا وکیل بھی رہا ہے، سیاست بچانےکیلئے آپ نے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ انہوں نے کہاعمران خان کی ڈیل کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ۔ دریں اثنا پی ٹی آئی نے عمران خان کی وکالت کے لیے سلمان رشدی کے وکیل کو مقرر کرنے کے الزامات کی تردید کردی۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق پی ٹی آئی ملک میں جاری بدترین ریاستی جبر و فسطائیت کی شدید مذمت کرتی ہے۔ایک غیرملکی قانونی فرم کے حوالے سے زیرِگردش گمراہ کن اطلاعات میں کوئی صداقت ہے نہ ہی ایسے کسی اقدام کو جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی کی تائید حاصل ہے۔ ادھر نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف نے جیفری رابرٹسن کی خدمات ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ڈاؤٹی اسٹریٹ چیمبر نے جیفری رابرٹسن کو عمران خان کا وکیل مقرر کرنے کا ٹوئٹ ڈیلیٹ کردیا اور تصدیق کی کہ کلائنٹ کے کہنے پر متعلقہ ٹوئٹ ہفتہ کی صبح ڈیلیٹ کیا گیا۔ بھانڈا پھوٹنے کے بعد شدید دباؤ آنے پرپی ٹی آئی نے ٹوئٹر ہینڈل سے بھی ٹوئٹ ہٹا دیا۔پی ٹی آئی نے پارٹی چیئرمین کا معاملہ اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کیلئے جیفری رابرٹسن کی خدمات لینے کا اعلان کیاتھا۔جیفری رابرٹسن کے چیمبرکے مطابق کیس پرابتدائی گفتگو کیلئے 25 ہزار پاؤنڈ ادا کیے گئے، ابتدائی معاوضہ لندن میں پارٹی کے ایک رہنما نے ادا کیا۔پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق جیفری رابرٹسن کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ عمر ایوب اور ذلفی بخاری نے عمران خان کی مشاورت کے بعد کیا تھا۔ قبل ازیں عمران خان کا معاملہ عالمی سطح پراٹھانے کیلئے راشد یعقوب کی خدمات لینے کے بعد تنقید پر انہیں فارغ کردیاگیاتھا اور صرف 10 دن بعد پی ٹی آئی نے جیفری رابرٹسن کی خدمات حاصل کی تھیں۔