اٹک(امت نیوز/خبر ایجنسیاں) تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے رکن بیرسٹر گوہر علی نےکہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اداروں اورسیاسی جماعتوں سے گفتگو کیلئے تیار ہیں۔ تحریک انصاف کی قانونی ٹیم نے اٹک جیل میں عمران خان سے ملاقات کی۔وکلا میں انتظارپنجوتھا، شعیب شاہین، نعیم پنجوتھا اور گوہرعلی شامل تھے، اس کے علاوہ عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹرفیصل سلطان بھی اٹک جیل پہنچے تھے۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھاکہ چیئرمین پی ٹی آئی نےکہا انہیں جیل میں ناجائز ڈالاگیا لیکن اس سب کے باوجود وہ اداروں اور سیاسی جماعتوں سے گفتگوکو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے بات چیت کا محور ہوگا کہ 90 دن میں الیکشن کیسے ہوں؟پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین کا کہنا تھاکہ عمران خان تندرست اور مکمل فٹ ہیں، ان کا پیغام ہے سیاسی استحکام آنے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا میں نے کوئی ڈیل نہیں کی۔ دریں اثناسائفر کیس میں گرفتار چیئرمین تحریک انصاف کی درخواست ضمانت پر سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت اسپیشل کورٹ کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ان کیمرہ کی۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان اور سلمان صفدر نے درخواست ضمانت پر دلائل دیے ۔ سلمان صفدر کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کے لیے اٹک جیل میں رکاوٹ پیدا نہ کی جائے۔دوران سماعت شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری بھی عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ اپنے مؤکل کی درخواستِ ضمانت پر دلائل آج ہی دینا چاہوں گا جبکہ اسپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے کی جانب سے ہفتہ کو چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر دلائل سننے کی مخالفت کی گئی۔ذرائع کے مطابق اسپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی نے اس عدالت سے متعلق ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، اس پرچیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجو نے کہا ہم ہائیکورٹ سے درخواستیں واپس لے لیتے ہیں، درخواستِ ضمانت کے معاملے پر ہائیکورٹ نے اسٹے نہیں دیا۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کیس کی سماعت ملتوی ہو چکی، اب کچھ نہیں ہو سکتا۔