لاہور: ایشیا کپ کے چوتھے میچ میں آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بنگلا دیش اور افغانستان کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔ بنگلہ دیش کے نجم الحسن شانتو اور مہدی حسن میراز نے شاندار سنچریاں اسکور کیں اور افغانستان کو 335 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیدیا۔
بنگلادیش نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پُراعتماد بلے بازی کی۔
اوپنر محمد نعیم اور مہدی حسن نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا لیکن 60 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گرگئی۔ نعیم 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ توحید ہردوئے صفر پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
اس کے بعد مڈل آرڈر میں نجم الحسن شانتو اور مہدی حسن میراز نے طویل شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا اور افغان بولر پر لاٹھی چارج کیا۔
مہدی حسن میراز نے شاندار سنچری قائم کی اور نجم الحسن شانتو کے ساتھ مل کر 194 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔ افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب اور مجیب الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔