جی 20 اجلاس،صدر شی جن پنگ کی عدم شرکت پر بائیڈن مایوس

واشنگٹن (اُمت نیوز ) چین کے صدر شی چن پنگ کی جانب سے بھارت میں ہونیوالے جی 20 اجلاس میں شرکت سے معذرت پر امریکی صدر جو بائیڈن نے مایوسی کا اظہار کیا ہے ۔
خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں منعقد ہونے والے جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس میں صدر شی جن پنگ کی معزرت کے بعد ان کی جگہ وزیراعظم لی کوانگ ممکنہ طور پر اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔
ایک بیان میں امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ جی 20 اجلاس میں صدر شی جن پنگ کے شرکت نہ کرنے پر مجھے مایوسی ہے لیکن میں پھر بھی ان سے ملوں گا۔
تاہم صدر بائیڈن نے اجلاس میں شرکت پر گرم جوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا اور ویتنام، امریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں اور دونوں ہی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
شی جن پنگ اور جو بائیڈن کی ملاقات آخری بار اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں ہوئی تھی جہاں دونوں نے انڈونیشیا میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔
دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ نئی دہلی میں ہونے والے جی 20 اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، روسی صدر کی جگہ وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اجلاس میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ دنیا کی بیس ترقی یافتہ اور تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں کی تنظیم جی ٹوئنٹی کا سربراہی اجلاس 7 سے 10 ستمبر تک بھارت میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔
رواں سال جی ٹوئنٹی کی صدارت کی ذمہ داری بھارت کو سونپی گئی ہے جس میں بڑی معیشتوں کے سربراہان مملکت شرکت کریں گے۔