آئی ایم ایف نے بجلی بلوں میں ریلیف کا پلان مسترد کردیا

اسلام آباد : بجلی کے بلوں میں حالیہ اضافے پر ریلیف کا معاملہ طول پکڑ گیا ہے، پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے ریلیف پلان پر کامیاب مذاکرات نہ ہو سکے، پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو بھیجا گیا ریلیف پلان مسترد کر دیا گیا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پلان عملدرآمد کیلئے طے کردہ رقم میں فرق کے باعث مسترد کیا گیا ہے، جس کے بعد اب نیا پلان شئیر کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے پلان میں بلوں میں ریلیف سے ساڑھے 6 ارب سے کم کا امپیکٹ بتایا گیا تھا، جبکہ آئی ایم ایف کے مطابق ریلیف پلان سے 15 ارب سے زائد کا امپیکٹ آئے گا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے اب 15 ارب کی مالیاتی گنجائش پوری کرنے کے پلان کی تفصیلات پاکستان سے مانگ لیں ہیں، جس کیلئے پاکستان آئی ایم ایف کو دوبارہ پلان بھیجے گا اور صارفین کو ملنے والے ریلیف میں مزید تاخیر ہوگی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق نیا پلان شئیر ہونے پر آئی ایم ایف حکام اور وزارت خزانہ دوبارہ بات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق بلوں کو اقساط میں وصولی کا پلان جلد آئی ایم ایف کے ساتھ دوبارہ زیر بحث لایا جائے گا۔