عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہمیں واقعے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں جس میں 6 اسرائیلیوں کو ایک برطانوی سیاح کے ساتھ مبینہ زیادتی کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
قبرص کے خبررساں اداروں کا کہنا ہے کہ ایک عدالت نے ملزمان کو آئیا ناپا میں ایک سیاح کے ساتھ مبینہ زیادتی کی تحقیقات تک حراست میں لینے کا حکم دیا ہے جبکہ راٹرز نے اپنی علیحدہ رپورٹ میں پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سیاح کی شناخت ایک برطانوی خاتون کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون نے شام کو پولیس کو شکایت درج کروائی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ آئیا ناپا میں واقع اس کے ہوٹل میں دن کے وقت اس پر جنسی حملہ کیا گیا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان، جنہیں مبینہ زیادتی کے الزام میں حراست میں لیا گیا، اسرائیلی شہری ہیں جن کی عمریں 19 اور 20 سال ہیں۔اسرائیلی وزارت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیلی سفارت خانے کو مطلع کر دیا گیا ہے اور اسرائیلی قونصل مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔