کراچی (اُمت نیوز)پاکستان کی متنازع ٹک ٹاکر حریم شاہ نے اپنے شوہر بلال شاہ کے اغوا میں مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے ملوث ہونے کا الزام عائد کردیا۔
حریم شاہ نے ”ایکس“ پر شئیر کی گئی ایک پوسٹ میں الزام عائد کیا ہے کہ ’میرے شوہر بلال کو مریم نواز کے کہنے پر کراچی سے اغوا کیا گیا ہے۔‘ اُنہوں نے درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ ’آئی ایس آئی سے اپیل کرتی ہوں بلال کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔‘
میرے شوہر بلال کو سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد اغواہ کرکے لئے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے درخواست کرتی ہوں میرے شوہر کا پتہ کروائیں۔ بلال کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔ pic.twitter.com/lYebJ2clx6
— Hareem Shah (@_Hareem_Shah) September 3, 2023
یاد رہے کہ حریم شاہ نے گزشتہ دنوں ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں اُنہوں نے اپنے شوہر بلال شاہ کو اغوا ہونے کا انکشاف کیا تھا۔ ویڈیو بیان میں حریم شاہ کا کہنا تھا کہ آج میرے شوہر کے اغوا کو 7 دن ہو گئے ہیں۔ ان دنوں میں ہم نے قانونی طریقے سے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی کہ انہیں کیوں اغوا کیا گیا۔
واضح رہے کہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ کراچی شیراز نذیر کے مطابق بلال شاہ کے اغوا کا مقدمہ ایف آئی آر نمبر 533/23 کے تحت ان کی والدہ بی بی شہزادی بیگم کی مدعیت میں ڈیفنس تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
خاتون کے مطابق ان کے بیٹے بلال حسین شاہ کو 27 اگست کو کراچی کے علاقے قیوم آباد بلاک بی کی گلی نمبر 6 میں گھر سے نکلنے کے بعد اغوا کیا گیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق بلال کے گھر سے نکلنے کے بعد مین روڈ پر تین مختلف گاڑیوں میں سوار نامعلوم افراد نے انہیں اغوا کیا۔