سیاسی خلا آگیا، آٹا اور ٹماٹر بھی ڈبل سنچری بنا سکتے ہیں،شیخ رشید

راولپنڈی (اُمت نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی خلا آگیا ہے، حالات سیاستدانوں کے ہاتھ سے نکل گئے ہیں، آٹا اور ٹماٹر بھی ڈبل سنچری بنا سکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈالر اور پٹرول کی ٹرپل سنچری کے بعد چینی کی بھی ڈبل سنچری ہوگئی، آٹا اور ٹماٹر بھی ڈبل سنچری بنا سکتے ہیں، سیاسی خلا آگیا ہے، حالات سیاستدانوں کے ہاتھ سے نکل گئے، عوام کی زندگی کی بقاء کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے پر الزام لگا رہی اور اپنے گندے کپڑے چوک اور چوراہے میں دھو رہے ہیں، لوگ نادان نہیں سب کچھ سمجھتے ہیں کہ 16 ماہ کی نااہل، نالائق اور ناکام حکومت کا کیا دھرا ہے جس کی سزا 24 کروڑ عوام بھگت رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شریف برادران اور زرداری عوام کو اندھے کنوئیں میں پھینک کر خود لندن اور دبئی بھاگ گئے ہیں، طاقت نہیں حکمت عملی کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف بجلی پر ریلیف دینے کیلئے تیار نہیں، پہلے ڈالر، بجلی اور پٹرول کا بم گرا، اب چینی اور آٹے کا، کھانے والے تیل کا بھی معاشی بم عوام پر گرگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے سارے ٹیکس بجلی کے بلوں میں ڈال دیئے، 2 ہزار ارب بجلی گھروں کو کرایہ دے رہے ہیں اور 4 ہزار ارب روپیہ ٹوٹل آمدنی ہے جس میں ایک ہزار ارب روپے بجلی کی چوری ہے، میٹھی چینی غریب کیلئے کڑوی ہوگئی ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ پاکستان کی ہر کابینہ میں دو تین شوگر ملز مالکان لازمی ہوتے ہیں اور زیادہ تر شوگر ملیں سیاستدانوں کی ہیں، کسی اور آدمی کو شوگر ملز لگانے کی اجازت بھی نہیں دی جاتی، سیاسی اور غیریقینی صورتحال بڑھتی جا رہی ہے جس کا بڑا نشانہ ن لیگ بن رہی ہے۔