ملزم اسکول کی خواتین اساتذہ کے علاوہ زیادہ ترنوکری کا جھانسہ دیکراوربلیک میل کرکے جنسی ہراساں کیا کرتا تھا۔ فائل فوٹو
ملزم اسکول کی خواتین اساتذہ کے علاوہ زیادہ ترنوکری کا جھانسہ دیکراوربلیک میل کرکے جنسی ہراساں کیا کرتا تھا۔ فائل فوٹو

کراچی،جنسی ہراسانی پراسکول سیل ، مزید 50 ویڈیوز برآمد

کراچی: گلشن حدید کے نجی اسکول میں خواتین عملے کوہراساں اوربلیک میل کرنے کے واقعے کے بعد اسسٹنٹ کمشنربن قاسم نےمذکورہ اسکول سیل کردیا ۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے بروقت کارروائی کی اور اسکول کے پرنسپل کوگرفتارکرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر بن قاسم ٹاؤن نذیر ابڑو نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا نجی اسکول میں ایک افسوسناک واقعہ ہوا ہے جس میں ملوث ملزمان کوقرارواقعی سزا ملنی چاہیے۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ اسکولوں کی رجسٹریشن کا کام محکمہ تعلیم کا ہے اور وہی دیکھے گا کہ کونسا اسکول رجسٹرڈ اورکونسا غیر رجسٹرڈ ہے۔

ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن نند لعل نے بتایا کہ اسکول میں نصب سی سی ٹی وی کی ویڈیو لیک ہونے پر واقعے کا علم ہوا جس پراسکول کے پرنسپل ومالک عرفان غفور کوگرفتار کیا گیا اورگرفتارملزم نے کہا کہ اسے علی لودھی اورشکیل سمیت دیگرملزمان بلیک میل کر رہے ہیں اور 10 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ اسکول ایک سال قبل قائم ہوا تھا جس میں ڈھائی سو سے تین سوکے قریب بچے زیرتعلیم تھے اوراسکول میں خواتین سمیت مرد اساتذہ بھی پڑھاتے ہیں۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے اسکول میں نصب سی سی ٹی وی کی 50 سے زائد ویڈیوز حاصل کرلی ہیں اورگرفتارمرکزی ملزم اسکول کی خواتین اساتذہ کے علاوہ زیادہ ترنوکری کا جھانسہ دیکراوربلیک میل کرکے جنسی ہراساں کیا کرتا تھا۔

مقدمے کے تفتیشی افسر سب انسپکٹر علی اصغر ابڑو نے بتایا کہ ان کے پاس 50 سے زیادہ ویڈیو آچکی ہیں اوران ویڈیو میں ملزم 8 سے 10 خواتین کو باری باری بلیک میل اورجنسی ہراساں کا نشانہ بناتا رہا۔

انھوں نے بتایا کہ انویسٹی گیشن پولیس نے واقعے میں ملوث ایک اورملزم کا موبائل فون بھی برآمد کرلیا ہے اوراس فون میں بھی متعدد ویڈیوز موجود ہیں۔

تفتیشی افسر نے بتایاکہ واقعے میں مزید 2 سے 3 ملزمان ملوث ہیں اورممکن ہے کہ دوران تفتیش مزید ملزمان کے نام اور کرداربھی سامنے آجائیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں ۔

گرفتار ملزم اورمتاثرہ خواتین کا میڈیکل کروایا جائے گا اوراسکول میں نصب ڈی وی آراورتمام ویڈیوزکوپنجاب فارنزک لیبارٹری بھجوایا جائے گا ۔

اسکول کے تمام اساتذہ،اسٹاف، چوکیدار اورکچن میں کام کرنے والے ملزم سمت سب کے بیانات قلبند کیے جائیں گے۔ایک متاثرہ خاتون نے پولیس سے رابطہ کرلیا ہےجس کا 161 کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔