کراچی: جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرخالدمحمودعراقی نےکہا کہ پاکستان میں نوکریوں کی نہیں بلکہ صلاحیتوں کا فقدان ہے،صرف ڈگری حاصل کرناکمال نہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہونا ناگزیر ہے،جامعات کاکام صرف ڈگریاں فراہم کرنے تک محدودنہیں ہونا چاہیے بلکہ طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارکر انہیں مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ اور دنیا کامقابلہ کرنے کے لئے تیارکرناچاہیے۔
ان خیالا ت کا اظہارانہوں نے کراچی یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹر میں آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈکمرشلائزیشن جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اورزمین ڈاٹ کام کے اشتراک سے منعقدہ ریکروٹمنٹ ڈرائیو2023 ء کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں55 آسامیوں پر فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈایڈمنسٹریٹو سائنسز کےفارغ التحصیل اور سال آخر کے55 طلباوطالبات کو ملازمت دینے کے لئے انٹرویوز کاانعقادکیاگیا۔ڈاکٹر خالد عراقی نےمزید کہا کہ انٹرپرینیورشپ میں کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ آپ کے دل اور دماغ کا مربوط تال میل ہو تاکہ آپ اپنی مثبت توانائیوں کو بروئے کارلاسکیں اور مارکیٹ کی مانگ کے مطابق مصنوعات تیارکرسکیں۔کسی بھی ادارے کے سربراہ کے لئے یہ بات بہت خوش آئند ہوتی ہے کہ اس کے ادارے کی تعریف کی جائے ،اداروں کو بھی چاہیئے کہ وہ معاشرے کو ایسی افرادی قوت تیارکرکے دیں جو معاشرے کی فلاح وبہبود اورمعیشت کی مضبوطی کے لئے کلیدی کردار اداکریں۔
انہوں نے آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر اور ان کے عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئےکہا کہ جامعہ کے طلبہ کوملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لئے مختلف اداروں سے روابط خوش آئند ہے۔اس موقع پر زمین ڈاٹ کام کے ریجنل ہیڈ ایچ آر خواجہ سعدطارق نے کہاکہ مجھے خوشی ہورہی ہے کہ جامعہ کراچی کے طلبہ میں صلاحیتوں کی کمی نہیںجس کا ثبوت آج انٹرویوز میں شرکت کرنے والے طلبہ نے دیا۔ذہین اور باصلاحیت طلبہ ہی معاشرے کی ترقی میں کلیدی کرداراداکرسکتے ہیں۔