فائل فوٹو
فائل فوٹو

ن لیگ اپنے اختلافات کا بوجھ پیپلز پارٹی پر نہ ڈالے، خورشید شاہ

اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اندر بڑی جنگ چل رہی ہے، پیپلزپارٹی پر تنقید بچکانہ حرکت ہے، ن لیگ اپنے اندرونی اختلافات کا بوجھ پیپلزپارٹی پر نہ ڈالے، اتحادی حکومت میں کئی بار اختلافات ہوئے مگر آصف زرداری نے شہبازشریف کی بھرپور مدد کی۔

نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی لڑائی سے گریز کرتی ہے، بہتر ہوگا ن لیگ بھی لڑائی کے جواز نہ بنائے، ن لیگ کے اندر بڑی جنگ چل رہی ہے، ان کے اندر اختلافات دنیا کو نظر آرہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن اختلافات کا شکار ہے، ن لیگ اپنے اختلافات کا بوجھ پیپلزپارٹی پر ڈال رہی ہے، اتحادی حکومت میں بھی ن لیگ میں اختلافات ہوتے تھے، شہبازشریف اپنے وزیروں میں تصفیہ کراتے رہتے تھے، پیپلزپارٹی پر تنقید بچکانہ حرکت ہے۔

رہنما پیپلزپارٹی نے سوال اٹھایا کہ چینی کی قیمت میں اضافے پر تنقید کس پر ہورہی ہے، یہ تنقید نوید قمر پر ہے یا شہبازشریف پر، نوید قمر کو تنقید کا جواب نہیں دینا چاہیےتھا، یہ مسائل پاکستان کے ہیں، کسی ایک سیاسی جماعت کے نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے سمجھداری سے اپنی مدت پوری کی، پیپلزپارٹی نے شہبازشریف کی بھرپور مدد کی، کئی بار مسائل ہوئے، آصف زرداری نے اتحاد قائم رکھا۔

الیکشن کے حوالے سے خورشید شاہ نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر سے مسائل میں اضافہ ہوگا، ہمیں مل کر پاکستان کے حالات کو بہتر بنانا ہے، ہم پاکستان کو آزاد اور خود مختار ریاست بنانا چاہتے ہیں۔