پاک فوج اور عوام کے مابین اعتماد ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، آرمی چیف

راولپنڈی (اُمت نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور عوام کے مابین اعتماد ہمارا قیمتی اثاثہ ہے۔
یوم دفاع کے موقع پر ایک بیان میں آرمی چیف نے کہا کہ یوم دفاع و شہدا ہماری قومی و عسکری تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے، یہ دن ہمیں اپنی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 65 کی جنگ میں مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کو جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے ناکام بنایا اور جنگ میں قومی اتحاد و یکجہتی کا جذبہ دیکھنے میں آیا جب کہ اسی جذبےسے ہم نے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج دنیامیں نمایاں مقام رکھتی ہے، ایمان، تقوی اور جہاد فی سبیل اللہ ہمارا طرہ امتیاز ہے، پاک فوج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لئے ہر دم تیار ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دفاع وطن کو اپنی جان سے مقدم رکھنا پاک فوج کا عزم ہے، شہداء کی قربانیاں، غازیوں کے کارنامے قابل تقلید مثالیں ہیں، شہدا کے خون سےآزادی کے چراغ روشن ہوتے ہیں۔
سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ شہدا کا تقدس اور احترام ہماری اہم ذمہ داری ہے جب کہ پاک فوج اور عوام کے مابین اعتماد ہمارا قیمتی اثاثہ ہے۔