شادی والے دن دولہا فرار، دلہن نے ہونے والے سُسر سے شادی کرلی

جکارتہ : ایک خاتون کی زندگی کا سب سے خوشگوار دن اس کی شادی کا ہوتا ہے، لیکن انڈونیشیا کی اس دلہن کا یہ دن ایک ذلت آمیز ڈراؤنے خواب میں تبدیل ہوگیا، کیونکہ اس کا شوہر شادی والے دن غائب ہو گیا۔ لیکن اسے سے بھی زیادہ حیران کن واقعہ تب پیش آیا جب مفرور کے والد نے تقریب پر ہوا خرچہ ضائع ہونے کے ڈر سے بیٹے کی دلہن کو اپنی دلہن بنالیا۔

مذکورہ خاتون کے مفرقر دولہا کے ساتھ طویل مدتی تعلقات تھے اور 29 اگست کو ان کی شادی تھی، لیکن عین شادی والے دن پتا چلا کہ دولہا بھاگ چکا ہے۔ دونوں خاندانوں کو کچھ سمجھ نہ آیا کہ کیا ہوا ہے۔ مہمانوں کو دعوت دی جاچکی تھی، شادی کی تیاریوں پر اچھا خاصا خرچہ ہوچکا تھا اور جہیز بھی طے ہو چکا تھا۔

اس لیے دولہا کے والد نے ”بڑے پن کا مظاہرہ“ کرتے ہوئے خود لڑکی سے شادی کرلی۔ انڈونیشیا کے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دولہا اور دلہن کے باپوں کو اس عجیب و غریب شادی کی تقریب میں حصہ لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ، لیکن ان میں سے ایک باپ واقعی باپ جبکہ دوسرا دولہا کا کردار ادا کر رہا ہے۔