ایشیاء کپ2023:پاکستان نے بنگلادیش کو 7وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور:ایشیاء کپ کے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستان نے 194 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پرپورا کرلیا۔ پاکستان نے 194 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے بہترین آغاز کیاتاہم 20 رنز پر فخر زمان پویلین لوٹ گئے،فخرزمان کے بعد بابراعظم کریز پر آئے اور انہوں نے اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا۔بابراعظم نے بطور کپتان تیز ترین 2000 رنز بناتے ہوئے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا تاہم وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور بولڈ ہوکر پویلین پوٹ گئے ۔

محمد رضوان اور امام الحق نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار اداکیا،امام الحق نے 84 گیندوں پر 78 رنز کی اننگز کھیلی۔لاہور میں کھیلے جانے والی میچ میں بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔بنگال ٹائیگرز کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہیں ہوا اور میچ کے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے اوپنر مہدی حسن کو پویلین کی راہ دکھائی، وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد محمد نعیم کا ساتھ دینے لٹن داس آئے اور دونوں نے تیز سے کھیلتے ہوئے اگلی 21 گیندوں میں 31 رنز بٹور لیے تاہم یہ پارٹنر شپ طول نہ پکڑسکی اور لٹن داس 16 رنز کے انفرادی اسکو ر شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بن گئے۔

44 رنز ہوجانے پر کپتان بابر اعظم نے حارث رؤف کو گیند تھمانے کا فیصلہ کیا جنہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے پہلے 20 رنز بنانے والے محمد نعیم اور اگلے اوور میں توحید ہردوئی کی 2 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ان وکٹوں کے ساتھ ہی حارث رؤف پاکستان کی جانب سے سب سے کم میچوں میں 50 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے باؤلر بن گئے۔47 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم مشکلات سے دوچار تھی اور اس مرحلے پر شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم پر مشتمل بنگلہ دیش کی سب سے تجربہ کار جوڑی کی وکٹ پر آمد ہوئی۔

دونوں کھلاڑیوں نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 100 رنز کی شراکت قائم کی۔مشفیق الرحیم نے 64 جب کہ شکیب الحسن نے 53 رنز بنائے تاہم وہ بھی پویلین لوٹ گئے ۔ان سینئر پلئیرز کے آئوٹ ہوجانے کے بعد کوئی بھی بنگال کھلاڑی پچ پر جم کر نہ کھیل سکا۔حارث روئف نے شاندار گیند بازی کی بدولت ایک ہی اوور میں دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

بنگلادیش کی پوری ٹیم 39 ویں اوور میں 193 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی،حارث رئوف نے 4، نسیم شاہ3جبکہ فہیم اشرف ،افتخار احمد اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔