اٹلی میں پہلی صدی قبل مسیح کا قدیم رومن مندر دریافت

روم: اٹلی کے دیہی علاقے  سرسینا میں  سپر مارکیٹ کی تعمیراتی جگہ پر رومن مندر دریافت کیا گیا ہے۔ سرسینا ایک پرسکون علاقہ ہے، جس کی آبادی تقریباً 3,000 افراد پر مشتمل ہے۔

سرسینا کا ماضی شاندار رہا ہے۔ یہ رومی سلطنت کی ایک سٹریٹجک دفاعی چوکی کے طور پر مشہور تھا جبکہ یہاں  مشہور ڈرامہ نگار پلاؤٹس بھی پیدا ہوئے تھے۔ دیہی طرز زندگی سرسینا کی دلکشی کا حصہ ہے۔

تاہم یہاں کے رہنے والے افراد شہری سہولیات کا مطالبہ کر رہے تھے، اسی تناظر میں یہاں ایک سپر مارکیٹ کے قیام کیلئے کھدائی کا عمل شروع کیا گیا تو تعمیراتی کارکنوں نے پہلی صدی قبل مسیح کے ایک قدیم رومی مندر کے کھنڈرات سے پردہ اٹھایا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سرسینا کے چھوٹے سے قصبے میں ایک اہم مندر کے کھنڈرات کی دریافت سے ہمیں یہ سمجھنے میں آسانی ہوگی کہ وقت کے ساتھ ساتھ قدیم رومن شہر کیسے عروج اور زوال پذیر ہوئے۔اس سے قبل جولائی کے شروع میں زیر زمین خزانے کا انکشاف ہوا تھا۔

محققین نے 577 مربع میٹر پر محیط ایک شاندار ڈھانچہ دریافت کیا ہے۔ یہ افقی ریت کے پتھر کے بلاکس اور سنگ مرمر کے سلیب پر مشتمل ہے۔ مندر کی دریافت نے سرسینا قصبے میں “انوکھے کھنڈرات کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کیا جو زیر زمین موجود ہو سکتے ہیں”۔

ماہرین نے اس مندر کی جگہ پر تین الگ الگ کمرے دریافت کیے، جو ممکنہ طور پر دیوتا مشتری، جونو اور منروا کی تثلیث کے لیے وقف تھے۔اس مندر کی جگہ پر کھدائی ابھی بھی جاری ہے۔ یہاں کھنڈرات کی ایک پرانی اور گہری تہہ کی نشاندہی کر لی ہے جو چوتھی صدی قبل مسیح کی ہے۔ مندر کی دریافت نے مقامی حکام کو اپنے تعمیراتی منصوبوں پر نظر ثانی کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ ہم اسے جدید شاپنگ سینٹر کے لیے جگہ بنانے کے لیے نہیں گرائیں گے، اور یہ بالکل واضح ہونا چاہیے۔ اب ماضی کے شہری منصوبوں کو تبدیل کر دیا جائے گا۔ ہم تفریحی اور کھیلوں کے مراکز کی تعمیر کے لیے نئی جگہیں تلاش کریں گے۔