حضرت امام حسینؑ کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

کراچی: ملک بھر میں نواسہ رسول ﷺ،اقوام عالم کے دلوں کے حکمران حضرت امام حسین ؑ کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق حضرت امام حسینؑ کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، اور اس سلسلے میں لاہور ، کراچی ، اسلام آباد ،پشاور،کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں روایتی جلوس اور تعزیے برآمد کیے جائیں ۔اور اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔

کراچی میں چہلم حضرت امام حسینؑ کامرکزی جلوس آج نشترپارک سےبرآمدہوگا اور روایتی راستوں سےگزرتاہواامام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پراختتام پذیرہوگا۔ جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز لگاکر سیل کردیا گیا ہے ،جلوس کی سکیورٹی پر6ہزار سے زائدپولیس اہلکارتعینات ہونگے،اور ان کے ساتھ رینجرز کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے، اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کی مددسےجلوس کی سخت نگرانی کی جائیگی۔دوسری جانب چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر شہر بھر میں دفعہ144نافذ کر دی گئی ہے،محکمہ داخلہ سندھ نےنوٹیفکیشن جاری کے مطابق جلوس کے دوران ہیلی کیم اڑانے پر پابندی ہوگی۔

اس کے علاوہ کراچی میں جلوس برآمدہونےکےبعدشہریوں کومتبادل روٹس پربھیجاجائیگا،ہرقسم کی چھوٹی،بڑی گاڑی کوگرومندرسےآگےجانےکی اجازت نہیں ہوگی،گرومندرسےٹریفک کوبہادریارجنگ روڈ،سولجربازارکی طرف موڑدیاجائےگا۔

لاہور میں چہلم حضرت امام حسینؑ کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہو کر مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔چہلم حضرت امام حسینؑ کے حوالے سے لاہور پولیس نے سکیورٹی پلان تیار کر لیا ۔ڈی آئی جی آپریشنز علی رضوی کے مطابق مرکزی جلوس پرچار ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینگے۔ پولیس جوانوں کےساتھ رضاکاربھی چیکنگ کےفرائض سرانجام دیں گے ۔