نگران حکومت شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے،سراج الحق

 

لاہور (اُمت نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نگران حکومت آئین کے مطابق ذمہ داری نبھاتے ہوئے شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے۔
سراج الحق سے نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، اقلیتوں کے تحفظ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کا کہنا تھا کہ تمام آسمانی کتابوں پر ایمان لائے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا، ہمارے پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے، جب تک ہمارے پرچم میں سفید رنگ کی پٹی نہ ہو ہمارا پرچم مکمل نہیں ہوتا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اسلام اور ہمارے ملک کا آئین اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے، اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، جماعت اسلامی 100 فیصد عوام کی ترجمانی کر رہی ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں چور بازاری اور مینجمنٹ کے مسائل ہیں، ایل پی جی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ حیران کن ہے، چینی کی قیمت 215 روپے کلو تک پہنچ چکی ہے، عام آدمی پوچھتا ہے پٹرول تو باہر سے درآمد ہوتا ہے مگر چینی کیوں مہنگی ہے، معیشت ٹھیک نہیں ہوتی تو سوسائٹی آہستہ آہستہ انارکی کی طرف جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ کہتے ہیں نگران حکومت کمزور ہوتی ہے، یہاں جتنی بھی حکومتیں تھیں شوگر مافیا، لینڈ مافیا اور دیگر تمام مافیاز ان کے ساتھ تھے، موجودہ نگران حکومت میں محدود کابینہ ہے ان کے ساتھ مافیاز والے لوگ نظر نہیں آ رہے، ہم نے ہمیشہ اصولی بات کی، نگران حکومت آئین کے مطابق ذمہ داری نبھاتے ہوئے مقررہ مدت میں صاف وشفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے۔